ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی؛ یلہنکا، ٹیک پارکس اور ریلوے خدمات بری طرح متاثر

بنگلورو میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی؛ یلہنکا، ٹیک پارکس اور ریلوے خدمات بری طرح متاثر

Wed, 16 Oct 2024 22:34:24    S.O. News Service

بینگلورو 16/اکتوبر (ایس او نیوز) بینگلورو میں پچھلے دو دنوں سے مسلسل موسلادھار بارشوں نے شہری زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور عوام کے لئے مشکلات  کھڑی ہوگئی ہیں۔ تین سال پہلے یلہنکا کے سینٹرل ویہار اپارٹمنٹس میں آنے والی تباہ کن بارشوں کی یادیں ایک بار پھر تازہ ہوگئی ہیں، جہاں مکین تقریباً 3 فٹ پانی میں پھنس چکے ہیں۔ بروہت بنگلورو مہا نگر پالیکے (بی بی ایم پی) کے کمشنر توشار گِریناتھ نے علاقے کا دورہ کیا اور فوری کارروائی کے احکامات دیے۔ ایک عارضی نالی کا انتظام کیا گیا ہے اور فائر بریگیڈ کے ذریعے پانی نکالا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں، مکینوں کو پینے کا پانی، دودھ، روٹی اور بسکٹ جیسی ضروریات فراہم کرنے کے لیے ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔

مقامی باشندوں کی سہولت کے لیے دو ٹریکٹرز کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ وہ آسانی سے سفر کر سکیں۔ کمشنر نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یلہنکا جھیل کے دو راستے ہیں، اور شمالی راستے میں پانی کے بہاؤ کو کم کرنے کے لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ بی بی ایم پی کے 20 سے زائد اہلکار اس مسئلے کو حل کرنے میں مصروف ہیں۔

شہر کے دیگر علاقوں میں بھی مسلسل 18 گھنٹوں سے ہونے والی شدید بارشوں نے شہری زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ بیشتر سڑکیں ندیوں کی مانند بہہ رہی ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جبکہ کئی اپارٹمنٹس کی بیسمنٹ میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں، جس سے لوگ سڑکوں پر نکلنے سے قاصر ہیں۔  ماہرین موسمیات کے مطابق، بنگال کی کھاڑی میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے بارش ہو رہی ہے، اور آئندہ 2 سے 3 دنوں تک اسی طرح کی بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر برائے ترقیاتِ بنگلورو ڈی کے شیوکمار نے شہر کے 100 سے زائد مقامات پر بارش سے متعلق  ریلیف کے کاموں کو تیز کرنے  کے لیے بی بی ایم پی کو احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے بی بی ایم پی کے مرکزی کمانڈ سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ منگل کے دن شہر میں معمول سے 228 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے، جس کی وجہ سے 142 مقامات پر پانی بھر گیا ہے، ان میں سے 34 کو سیلاب زدہ علاقے قرار دیا گیا ہے جہاں مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔

شدید بارشوں نے بنگلورو کے معروف ٹیکنالوجی حب  سمجھے جانے والے ٹیک پارک کو بھی جھیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ 300 ایکڑ پر پھیلے ہوئے اس علاقے میں سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں، جس سے وہاں گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور ٹریفک متاثر ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ، پارک میں ایک زیر تعمیر عمارت کے قریب مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ایک بڑا درخت بھی گر گیا ہے، جس سے مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

مزید برآں، شدید بارشوں کے باعث جنوب مغربی ریلوے کے ٹریکس زیر آب آگئے ہیں، جس کی وجہ سے بدھ کے روز کئی ٹرینوں کی خدمات منسوخ کر دی گئیں۔ جنوبی ریلوے کے مطابق، چنئی کے بیسن برج اور ویاسراپاڈی اسٹیشنز کے درمیان پانی بھر جانے کے باعث کرناٹک سے روانہ ہونے والی 10 ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی گئی ہے۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ بدھ کے روز ساحلی کرناٹک، شمالی اور جنوبی اندرونی علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک اور بجلی گرنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے حکام کے مطابق، 18 اکتوبر تک بنگلورو اور اس کے مضافاتی علاقوں میں شدید بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔ بنگلورو کے آس پاس اگلے تین سے چار دن تک بادل چھائے رہنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔


Share: